مائیکرو سافٹ ونڈوز صارفین کو سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے ایڈوائزری جاری

مائیکرو سافٹ ونڈوز صارفین کو سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے ایڈوائزری جاری

نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (NCERT) نے مائیکرو سافٹ ونڈوز سسٹمز کے صارفین کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے سائبر حملوں کے ذریعے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کر کے حساس ڈیٹا چرانے کا خطرہ ہے۔

 ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ کے مختلف ونڈوز ورژنز جیسے ونڈوز 7 سے 11 اور ونڈوز سرور 2022 اس خطرے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔اس ایڈوائزری کے مطابق، ہیکرز کو کسی فائل کو کھولنے کی ضرورت نہیں ہوتی تاکہ وہ نیٹ ورک اور حساس معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں۔ مائیکرو سافٹ نے ابھی تک اس مسئلے کے لیے کوئی آفیشل حل جاری نہیں کیا ہے، جو اس بات کو اور بھی زیادہ تشویشناک بناتا ہے۔ایڈوائزری میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہیکرز کی جانب سے لاگ ان پاسورڈز اور نیٹ ورک تک رسائی کے ذریعے پورے سسٹم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

 اس خطرے سے بچاؤ کے لیے دوہرے حفاظتی نظام (Two-Factor Authentication) اور نیٹ ورک کی مضبوط سکیورٹی کی سخت سفارش کی گئی ہے۔اس کے علاوہ، ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صارفین اپنے سسٹمز کی حفاظت کے لیے فائروالز کو فعال کریں اور ورچوئل لوکل ایریا نیٹ ورک (VLAN) یا مخصوص نیٹ ورک کی معلومات کو محفوظ بنائیں۔ مشکوک فائلوں کو نہ کھولنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے، خصوصاً وہ فائلیں جو یو ایس بی ڈیوائسز، ای میل اٹیچمنٹس یا شیئرڈ فولڈرز کے ذریعے آئی ہوں۔مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس خطرے کا کوئی باضابطہ حل ابھی تک جاری نہیں کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر صارفین کو ان حفاظتی تدابیر کو فوراً اپنانا ضروری ہے تاکہ اپنے سسٹمز کو ان سائبر حملوں سے بچایا جا سکے۔