نیویارک: دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز میں تکنیکی خرابی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ سروسز میں مائیکروسافٹ ٹیمز، آؤٹ لک اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر کوپائلٹ بھی شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ نے جمعرات کو سروسز میں تعطل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کنکشن کے مسائل دور کرنے اور سروسز کی معمول کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔کمپنی کے مطابق اس کے انفرااسٹرکچر کے ایک حصے پر غیر معمولی دباؤ بڑھنے کے باعث صارفین کو مختلف سروسز تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔ مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ ٹریفک میں اضافے کے باعث پیدا نہیں ہوا بلکہ متعدد سرورز اچانک دستیاب نہ رہنے کی وجہ سے باقی سرورز پر دباؤ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں سروسز متاثر ہوئیں۔آؤٹیج کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق برطانیہ اور امریکا میں بڑی تعداد میں صارفین نے مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی سے متعلق شکایات درج کرائیں۔ امریکا میں صرف آؤٹ لک سروس کے حوالے سے ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد شکایات سامنے آئیں۔
صارفین کو ای میلز تک رسائی، آن لائن رابطوں اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مائیکروسافٹ ٹیمز اور کوپائلٹ کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی دور کرنے کے لیے سرورز کی ترتیبات میں تبدیلی کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرورز کی خودکار جانچ کے دوران پیدا ہونے والی خرابی کو دور کرنا اور سروسز کی کارکردگی معمول پر لانا ہے۔