پاکستان میں نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 10 فیصد تک رہنے کا امکان

پاکستان میں نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 10 فیصد تک رہنے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان میں نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 10 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں اوسط مہنگائی بھی 10 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

 اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.60 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق نومبر میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.65 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ٹماٹر، مرغی کے گوشت، آلو اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غذائی مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر کے دوران غذائی اشیاء کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 2 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 82 فیصد، مرغی کے گوشت میں 10 فیصد، آلو میں 7 فیصد اور انڈوں میں 4 فیصد اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب رہائش، پانی اور بجلی کے اخراجات میں بھی 1.47 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کے باعث بجلی کے نرخوں میں 3 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 23 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ اخراجات کم ہونے کا امکان

رپورٹ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ٹرانسپورٹ کے شعبے کے اخراجات میں 6.74 فیصد کمی متوقع ہے، جس سے مہنگائی کے مجموعی دباؤ میں کچھ کمی آسکتی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 90 سے 95 ڈالر فی بیرل کی سطح پر برقرار رہنے کی صورت میں مہنگائی سے متعلق یہ تخمینے بھی برقرار رہ سکتے ہیں۔