وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی شرح 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جو مارچ کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ میں مہنگائی 7.3 فیصد تھی، جبکہ فروری میں یہ 7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ جولائی سے مارچ تک 9 ماہ کی اوسط مہنگائی 5.7 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 5.3 فیصد تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور خوراک کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، جس کا اثر پاکستان اور دیگر ممالک پر بھی پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ، توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی اور دیگر معاشی اشاریوں کے لیے چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ جولائی سے مارچ کے دوران ترسیلات زر اور درآمدات میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔