انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت ہوئی، جس میں علیمہ خان، عظمی خان، اسد عمر، عمر ایوب، فواد چوہدری سمیت 104 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 12 فروری تک توسیع کر دی گئی۔
سابق وفاقی وزراء فواد چوہدری اور اسد عمر عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ عمر ایوب اور علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ وکیل نجیب فیصل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کے فیصلے تک ضمانتوں پر کارروائی نہ کی جائے۔عدالت میں شاہ محمود قریشی اور اعظم سواتی کے جیل وارنٹ بھی پیش کیے گئے، جبکہ علیمہ خان اور عظمی خان کی حاضری معافی درخواستوں کی سماعت کی گئی۔ ان کی جانب سے دلیل دی گئی کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جا رہی ہیں اور ان کی فیملی ملاقات کا دن ہے، اس لیے حاضری معافی کی درخواست کی گئی۔