کراچی(آئی این پی ) پاکستان کسٹمز کے عملے نے بیرون ملک سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کراچی انٹرنیشنل میل آفس میں کینیڈا سے آنے والے ایک پارسل سے 900 گرام منشیات برآمد کر لی۔کسٹمز حکام کے مطابق کینیڈا کے شہر ایجیکس اونٹاریو سے ملتان کے پتے پر بھیجے گئے ایک مشکوک پارسل کو اسکیننگ کے دوران روکا گیا۔ پارسل کے دستاویزات پر اس میں کتابیں بطور تحفہ ظاہر کی گئی تھیں، تاہم تلاشی لینے پر چاکلیٹس اور سیریلز کے ڈبوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 900 گرام منشیات برآمد ہوئی۔کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 2 کروڑ 72 لاکھ 49 ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔کسٹمز حکام نے منشیات قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔