سری بابا دیو جی مہاراج کے جنم دن کی تقریب،حمزہ شہباز کی شرکت

مہمانان خصوصی نے یاتریوں کو سری بابا گورو نانک کے پرکاش پورب کی مبارکباد پیش کی 
لاہور (سپیشل رپورٹر) سری بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے 557 ویں پرکاش پورب کی مرکزی تقریب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلی پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف تھے۔تقریب میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیشن سنگھ اروڑہ بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ تقریبات میں بھارت، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔مہمانان خصوصی نے یاتریوں کو سری بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے پرکاش پورب کی مبارکباد پیش کی۔مرکزی دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن اپنے مخصوص راستے پر رواں دواں ہوا۔ اہل اسلام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے نگر کیرتن کے شرکاء کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔ دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتری نگر کیرتن میں شریک ہوئے۔حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے صفائی، پارکنگ اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔