وزیراعظم، فیلڈ مارشل کو مبارکباد کے لئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور

 فیلڈ مارشل  کی عسکری قیادت اور وزیراعظم کی سیاسی و سفارتی مشاورت نے اہم کردار ادا کیا:متن
لاہور(سپیشل رپورٹر)) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔قرارداد چیف وہپ مسلم لیگ ن رانا محمد ارشد نے پیش کی، قرارداد کے متن کے مطابق رائل اسلامک اسٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر قرار پائے ہیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اعزاز پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا اعتراف ہے، مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔متن کے مطابق آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا، اس دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت نے اہم کردار ادا کیا۔