لاہور( یواین پی)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو 500بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔قرارداد مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے جمع کروائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ اعزاز پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا اعتراف ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت اور قومی قیادت نے اہم کردار ادا کیا، امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے خاتمے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان کی قیادت نے امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں، مذاکرات اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد میں امن مذاکراتی پیشرفت ممکن ہوئی۔ قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام، سفارتی روابط، قومی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی پالیسیوں کو سراہتے ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ خدمات، قومی سلامتی کے تحفظ، دفاعی خودمختاری اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں۔