ریاستی اداروں اور عوام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ‘سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ ہر صورت روکنا ہوگا، ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے کیلئے بھرپور کام کیا جا رہا ہے:سیمینار سے خطاب
نوجوان پولیس افسر ملک و قوم کا سرمایہ، ان سے بہت توقعات وابستہ، عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے:پولیس افسروں کی فیڈرل کانسٹیبلری میں مدتِ تعیناتی مکمل ہونے پر الوداعی تقریب سے خطاب ‘ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز اور پولیس لائنز کا دورہ
اسلام آباد‘پشاور (آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ڈیجیٹل میڈیا کو ذمہ داری سے کام لینا ہوگا کیونکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانا نہایت خطرناک ہے جس سے عوام میں انتشار پھیلتا ہے۔انہوں نے کہا دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریر سمیت حکومت کی چار ریڈ لائنز ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ ہر صورت روکنا ہوگا۔ وہ ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں غلط معلومات اور ڈیپ فیکس جیسے چیلنجز سے نمٹنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی جوابدہ بنانا ہوگا۔محسن نقوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے کے لئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور کام کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ فیک نیوز پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا کیونکہ ملکی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے تحفظ کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے۔دریں اثناء محسن نقوی نے کہا ہے نوجوان پولیس افسر ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، ینگ افسران سے سب کو بہت توقعات ہیں اور انہیں عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے۔محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز اور پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 49ویں کامن کے 34 پولیس افسران کی فیڈرل کانسٹیبلری میں مدتِ تعیناتی مکمل ہونے پر منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، افسران نے جس جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فیڈرل کانسٹیبلری میں خدمات انجام دیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پولیس افسران سے سب کو بہت توقعات ہیں اور انہیں عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے، اب نئی ذمہ داریاں نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ادا کریں، مظلوم کی داد رسی کے لیے آخری حد تک جائیں اور ظالم کو کسی صورت نہ چھوڑیں۔دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز میں صفوت بلاک کا افتتاح کیا اور میٹنگ ہالز، دفاتر اور جم کا دورہ کیا۔