بابا گرو نانک کا جنم دن، صدر اور وزیراعظم کی سکھر برادری کو مبارکباد

حکومت تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے:صدرآصف علی زرداری 
 آئین تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی حقوق و آزادی کی ضمانت دیتا ہے:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی  این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق  اپنے  پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے امن، مساوات، ہمدردی اور تمام انسانوں کے احترام کا درس دیا، دیانتداری سے محنت، ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہنے اور انسانیت کی خدمت کا ان کا پیغام لوگوں کیلئے مسلسل باعث تحریک ہے‘ حکومت پاکستان مذہب پر عمل کرنے کی آزادی اور تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے‘ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ بابا گرو نانک بلا شبہ غیر معمولی شخصیت تھے جنہوں نے معاشرے میں فروغِ امن، باہمی رواداری اور سماجی مساوات جیسی مثبت اقدار کا پرچار کیا، آئینِ پاکستان تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی حقوق و آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی یقینی بنانے کیلئے  پرعزم ہے۔