پنجاب کی تقسیم کیلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے، ریفرنڈم اس کا متبادل نہیں بن سکتا
طلبہ یونینز نوجوانوں میں قیادت پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہیں، مقامی حکومتوں کا مضبوط نظام ہونا ضروری ہے:میڈیا سے گفتگو
لاہور(آئی این پی )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔طلبہ یونینز نوجوانوں میں قیادت پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہیں، جبکہ پنجاب کی تقسیم کے لئے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے، ریفرنڈم اس کا متبادل نہیں بن سکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر آئینی اور سیاسی دونوں پہلوئوں سے بحث ہونی چاہیے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ طلبہ یونینز کے ذریعے جامعات میں ایسی نسل تیار کی جا سکتی ہے جو مستقبل میں اپنے اپنے شعبوں میں قیادت کا کردار ادا کرے۔ نوجوانوں کی تربیت اور مستقبل کی قیادت تیار کرنے کیلئے طلبہ یونینز اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آئین پاکستان میں اس کیلئے و اضح طریقہ کار موجود ہے۔ آئین کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو آئینی ترمیم کا اختیار حاصل ہے۔ آرٹیکل 239 کی شق ایک اور دو کے تحت آئینی ترمیم کیلئے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے، جبکہ صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لئے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔