اسلام آباد(آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے بلاول بھٹو کی بات ٹھیک ہے ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں بہت بھیانک رہی ہے، سندھ کا فیصلہ ہم نہیں کرسکتے، وہاں کے عوام اس کا فیصلہ کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے پنجاب ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر راج کے حق میں نہیں لیکن حالات کے باعث یہ وقت کی ضرورت بن چکا تھا، پی ٹی آئی کی 80 فیصد غلطیوں کی وجہ سے یہ ایمرجنسی نافذ ہوئی، معاملہ اب بحث کے لیے پارلیمان میں لے جایا جارہا ہے اچھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی بات ٹھیک ہے ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں بہت بھیانک رہی ہے، سندھ کا فیصلہ ہم نہیں کرسکتے، وہاں کے عوام اس کا فیصلہ کریں گے، سندھ والے تو ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں، مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، جو بھی ہو اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے اللہ کا قانون ہے