تحریک حقوق کی نہیں، انتشار اور انتہاپسندی کا منصوبہ ہے آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی طلال چودھری

 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم کئے جانے کے باوجود احتجاجی سرگرمیوں کو  مسلح کارروائیوں، انتشار اور انتہاپسندی کی طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے
 بھارت براہِ راست جنگ میں ناکامی کے بعد پاکستان میں پراکسی  عناصر کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے:وزیر مملکت کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری  نے کہا ہے  آزاد کشمیر میں جاری تحریک کو محض حقوق کی تحریک قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ حکومت کی جانب سے 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم کیے جانے کے باوجود احتجاجی سرگرمیوں کو  مسلح کارروائیوں، انتشار اور انتہاپسندی کی طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔  تنظیم  کے خلاف اب سخت کارروائی کی جائے گی ،  سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم کی تشہیر یا اس کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے والوں کے خلاف  سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا  جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ افغانستان سے پاکستان میں اسلحے کی اسمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات کے دوران مزید افراد کے روابط سامنے آئے ہیں۔ اسلحہ کشمیر منتقل کرنے کے الزام میں وقار، محمد علی اور عمار کو انٹیلی جنس آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، جبکہ تحقیقات میں امتیاز اسلم، خواجہ مہران، عمار اور شہزاد کے درمیان رابطہ کاری کا بھی سراغ ملا ہے۔ وزیر مملکت داخلہ نے کہا  کہ امتیاز اسلم جوائنٹ ایکشن کور کمیٹی کا رکن ہے اور مختلف افراد کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ شہزاد کے افغانستان اور خوارج سے روابط ہیں اور وہ ماضی میں متعدد انتہاپسند گروپس کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے۔طلال چوہدری نے  پریس کانفرنس میں آڈیو ریکارڈنگز بھی چلائیں اور دعویٰ کیا کہ ان  آڈیوز میں امتیاز اسلم مسلح افراد اور اسلحے کی ترسیل سے متعلق گفتگو کر رہا ہے۔ ایک آڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں 19 افراد اور 350 گولیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے بھی اس حوالے سے شواہد حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ کشمیر میں پولیس اہلکاروں کی شہادتوں کے واقعات میں استعمال ہونے والے اسلحے اور بیرون ملک سے مبینہ طور پر رقم دے کر نشانہ باز بلوانے کے معاملات کی بھی تحقیقات کی جا رہی  ہیں