علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہے:طلال چودھری

آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کیے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں،جوانوں کاخون حساب مانگ رہاہے
 اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چودھری نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہے، اسی وجہ سے ایسی بے بنیاد باتیں کر رہی ہیں،علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی اپنے جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں، یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آپ اور آپ کی پارٹی 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات میں ملوث ہے،آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کیے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں،پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا خون حساب مانگ رہا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے جو جرم کیا ہے، اس کی سزا بھگت رہے ہیں، بانی چیئرمین نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا، عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیئے، توشہ خانہ اور 190 ملین پائونڈ کی چوری کا حساب تو دینا ہوگا، سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنانے کا دعویٰ کرنے والوں کو کیا معلوم کہ ملک معاشی وڑن سے چلتا ہے سلائی مشینوں کی کمائی سے نہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انتشار کا وڑن صرف جلا? گھیرائو اور پرتشدد سیاست ہے، یہ وہ ٹولہ ہے جو اپنے سیاسی مفاد کے لئے ہر حربہ استعمال کرنا چاہتا ہے۔