لاہور: گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ کے بانڈ چوری، ملزمہ دو ساتھیوں سمیت کاہنہ سے گرفتار

لاہور: گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ کے بانڈ چوری، ملزمہ دو ساتھیوں سمیت کاہنہ سے گرفتار

لاہور کے علاقے گلبرگ میں گھریلو ملازمہ نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈ چرالیے اور فرار ہوگئی۔

پولیس نے واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو کاہنہ کے علاقے ککڑ گاؤں سے گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق خاتون ملزمہ سینٹ میری کالونی میں واقع گھر میں گزشتہ دو ماہ سے ملازمہ تھی اور اسی دوران اس نے اپنے ساتھی عثمان اور شاہد کے ساتھ واردات کی منصوبہ بندی کی۔چند روز قبل ملزمان گھر سے قیمتی زیورات اور پرائز بانڈ لے کر فرار ہوئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو ملزمان کو نیلے شاپر میں چوری شدہ سامان لیے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خاتون ملزمہ کو ٹریس کیا گیا۔ ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے چھاپہ مار کر ملزمہ کو گرفتار کیا جبکہ اس کی نشاندہی پر باقی دونوں ساتھی بھی گرفتار کرلیے گئے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق ملزمان سے 8 تولے سونا، 3 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ، 2 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور 2 پستول برآمد کرلیے گئے ہیں۔پولیس نے ملزمان کومل بی بی، عثمان اور شاہد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔