سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ملک کے متعدد علاقوں کے لیے موسمی الرٹ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ منگل 25 نومبر سے جمعہ 29 نومبر تک گرج چمک کے ساتھ موسمی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
مملکت کے موسمیاتی ادارے کے مطابق، کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی اپ ڈیٹس کے لیے آفیشل سوشل میڈیا چینلز، ویدر ایپلی کیشنز اور سرکاری اعلامیوں کو دیکھتے رہیں۔محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن شدید بارش کی لپیٹ میں آئے گا، جس کے ساتھ گرد و غبار، سیلابی صورتحال اور ژالہ باری کا بھی خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ، مکہ شہر، طائف، الکامل، الجموم، رابغ، بحرہ، میسان، اضم، اور العرضیات کے علاقے بھی متاثر ہوں گے، جہاں درمیانے سے شدید درجے کی بارش کا امکان ہے۔ جدہ، خلیص، اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ الجوف، حدود الشمالیہ، تبوک، مدینہ، حائل، الباحہ، عسیر اور جازان کے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں، وادیوں اور نشیبی جگہوں سے دور رہیں، اور ایسے مقامات پر جہاں پانی جمع ہو، تیراکی سے گریز کریں۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو محفوظ مقامات پر رکھیں اور موسمی حالت کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں۔