عالمی مالیاتی ادارے جے پی مورگن نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسمی تبدیلی اور عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتیں آئندہ سال دنیا بھر میں خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں، جس کے اثرات ترقی پذیر ممالک پر زیادہ پڑنے کا خدشہ ہے۔
امریکی بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اگر شدید موسمی حالات برقرار رہے تو فصلیں متاثر ہونے، زرعی پیداوار میں کمی اور سپلائی چین میں رکاوٹ کے باعث خوراک کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور لاطینی امریکہ کے ترقی پذیر ممالک اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان خطوں کی معیشتیں خوراک کی درآمدات اور زرعی پیداوار پر زیادہ انحصار کرتی ہیں۔جے پی مورگن کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی بلند قیمتیں نقل و حمل، پیداوار اور ترسیل کے اخراجات میں اضافے کا باعث بنیں گی، جس کے نتیجے میں خوراک سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتیں بھی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔