خیبر پختونخوا میں موسمی تبدیلی: شدید بارشیں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ ظاہر

خیبر پختونخوا میں موسمی تبدیلی: شدید بارشیں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ ظاہر

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت دیگر بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھلیوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی کریں اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھیں۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے کم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

علاوہ ازیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشقیں کرانے، محفوظ انخلائی مراکز فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازیں سنائی دینے پر فوری طور پر محفوظ مقام کی طرف منتقل ہو جائیں۔ حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔