فلورملزکو درپیش مسائل حل کئے جائیں :مالکان کا وزیر اعلی ٰ کو خط

من پسند فلور ملز کو گندم کے اجرا سے 500 ملز بند، سینکڑوں مزدور بے روزگار 
 پسند ناپسند کی بنیاد پر گندم اجراء ختم، تمام آپریشنل انڈسٹری کو جاری کیا جائے 
لاہور(خصوصی رپورٹ )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر فلورملزکو درپیش مسائل کے حل کی اپیل کر دی۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آپ پورے پنجاب کی سر براہ ہیں، آپ کا نظریہ اور عزم پورے صوبے کے عوام کو 14 روپے کی روٹی اور سستا آٹا فراہم کرنا ہے ،مگر محکمہ خوراک چند منتخب اضلاع اور من پسند فلور ملز کو گندم جاری کر رہا ہے، جس کی وجہ سے زیادہ تر اضلاع میں سستا آٹا دستیاب نہیں ہے، محکمہ خوراک کی گندم فراہمی سے صرف لاہور اور چند بڑے شہروں کو فائدہ ہو رہا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب سمیت کئی اضلاع اس سہولت سے محروم ہیں،پنجاب میں تقریباً 1100 فلور ملز ہیں جن میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے، مگر محکمہ خوراک کی مخصوص اور من پسند فلور ملز کو گندم کے اجراء کے باعث تقریباً 500 ملز بند پڑی ہیں، سیکڑوں مزدور بے روزگار ہیں جو پوری انڈسٹری اور معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا بہت سی فلور ملز جن کے پاس گندم کا سٹاک نہ ہے، ان کو اوپن مارکیٹ سے گندم خرید نے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس سے فلور ملز کا کاروبار بند ہونے کے قریب ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ پسند و نا پسندکی بنیاد پر گندم کے اجراء کوختم کرکے تمام آپریشنل انڈسٹری (بجلی کنکشن چالو حالت میں اور فوڈ گرین لائسنس ہولڈر)کو گندم کا اجراء کیا جائے تا کہ پنجاب کی انڈسٹری کو محفوظ اور مضبوط کیا جا سکے۔