قیمتوں میں اضافہ کی وجہ ایف بی آر پورٹلز کا تاخیر سے کھلنا ، ترسیل پر پابندی
فالتو درآمد کی گئی ناقص چینی کو ترجیحاً فروخت کیا جائے ، ترجمان شوگر ملز
لاہور (کرائم رپورٹر)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ ایف بی آر پورٹلز کا تاخیر سے کھلنا ، چینی کی آزادانہ بین الصوبائی ترسیل پر پابندی اور چینی کو حکومتی مقرر کردہ ڈیلرز کے ذریعے فروخت کرنا شامل ہے،شوگر انڈسٹری حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ چینی کی بین الصوبائی ترسیل پرغیرآئینی وغیر قانونی پابندی اْٹھائی جائے۔ترجمان نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کافی عرصے سے حکومت کو یہ باور کرواتی آ رہی ہے کہ پورٹلزکی بندش سے مارکیٹ میں سے چینی کی کمی ہو جائے گی اور اس کی قیمتیں بڑھیں گی۔حکومت نے شوگر ملوں پر مسلسل دبائو ڈالے رکھا تا کہ غیرضروری طور پرفالتو درآمد کی گئی ناقص چینی کو ترجیحاً فروخت کیا جائے، مگر چونکہ عوام کی اکثریت نے درآمدی چینی کو پسند نہیں کیا اور پورٹلز کی بندش سے مقامی چینی بھی مارکیٹ میں نہ پہنچ سکی جس کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بڑھیں۔ سندھ میں بھی پورٹلز کی بندش اس لیے کی گئی تا کہ کراچی پورٹ پر موجود درآمدی چینی کو پہلے فروخت کیا جا سکے۔کرشنگ سیزن اب پورے ملک کی شوگر ملوں میں شروع ہو چکا ہے اور نئی چینی مارکیٹ میں آنے سے قیمتیں معمول پر آنے کا امکان ہے۔