پولینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون مانگورزانا نے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کے بعد اسلام قبول کیا اور پاکستان آکر سرگودھا کے نوجوان مطیع اللہ سے شادی کر لی۔
پولینڈ کی رہائشی مانگورزانا کی سوشل میڈیا پر سرگودھا کے علاقے بھلوال سے تعلق رکھنے والے مطیع اللہ کے ساتھ دوستی ہوئی، جو جلد ہی محبت میں تبدیل ہو گئی۔ خاتون خاص طور پر پاکستان آئیں اور سرگودھا پہنچ کر اس سے نکاح کیا۔ شادی سے قبل، انہوں نے جامعہ مسجد حمید شاہ میں اسلام قبول کیا اور اپنا اسلامی نام مریم رکھا۔خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے پاکستان آئیں ہیں اور اسلام قبول کرنا اور شادی کرنا ان کا بالکل ذاتی فیصلہ ہے، اس میں کسی قسم کا دباؤ شامل نہیں تھا۔ وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوشگوار زندگی گزارنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
یہ ایک ماہ کے دوران پیش آنے والا دوسرا ایسا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 4 نومبر کو بھارتی سکھ خاتون سربجیت کور، جو گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے شیخوپورہ آئیں، نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی شہری نصیر حسین سے دوستی کی اور پھر اسلام قبول کرکے ’نور‘ نام اختیار کیا۔ خاتون نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے شادی کر رہی ہیں اور کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔