چین کا سرمایہ کار گروپ پنجاب میں زرعی آلات کی اسیمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائے گا
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوشاں،چین کے صوبے حونان پہنچ گئے۔محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور چین کے صوبے حونان کی زرعی آلات تیار کرنے والی بڑی کمپنی حونان نانگ یو مشینری گروپ کے مابین تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔معاہدے کی رو سے چین کا سرمایہ کار گروپ پنجاب میں زرعی آلات کی اسیمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائے گا۔پنجاب حکومت چین کی کمپنی کو پنجاب میں سرمایہ کاری ہر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔چودھری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی حونان نانگ یو مشینری گروپ کے مابین تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے،پنجاب کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سازگار ماحول کے باعث متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔چین کی مزید کمپنیوں نے بھی پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے‘ پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کیلئے پہلی ترجیح بن چکا ہے