ایف سی ہیڈ کوارٹر پر تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا، ایک نے خود کو گیٹ پر دھماکے سے اڑایا جس سے اہلکار شہید ہوگئے
دو حملہ آور دھماکے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندر داخل ہوئے،الرٹ نفری نے دونوں کو فوری ہلاک کردیا ‘دھماکوں سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے
دہشتگردوں کے مذموم عزائم کوخاک میں ملا دیں گے:آصف علی زرداری‘حملے کے ذمہ داروں کو شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے:شہبازشریف
پشاور،اسلام آباد(آئی این پی )پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا جسے الرٹ سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، گیٹ پر خودکش دھماکے میں 3 ایف سی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایف سی جوانوں کی فوری کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 3 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ صبح 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا، تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا، ایک نے خود کو گیٹ پر دھماکے سے اڑایا، گیٹ پر تعینات 3 اہلکار شہید ہوئے، دو حملہ آور دھماکے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔میاں سعید نے مزید بتایا کہ ہیڈکوارٹرز میں نفری الرٹ تھی ، اندر داخل ہونے والے دونوں حملہ آوروں کو فوری ہلاک کردیا گیا‘۔دریں اثناصدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بڑے نقصان سے بچا گیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے حملے کی شدید مذمت کرئے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ وطنِ عزیز کے خلاف بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے،وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی پشاورمیں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد ازجلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا واقعے کے ذمہ داروں کی جلد ازجلد شناخت کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے