لکی مروت:خودکش حملہ، پولیس اہلکار شہید،1 دہشتگرد ہلاک

سڑک کنارے کھڑے 2 حملہ آوروں میں ایک نے خود کو اڑیا، دوسرا فرار 
سرچ آپریشن کے دوران سرائے نورنگ میں دہشتگرد فائرنگ سے مارا گیا
لکی مروت(خصوصی رپورٹ)لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر خودکش حملہ کر دیا گیا، ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے، سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔پولیس کے مطابق پولیس کی گاڑی پر حملے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا بھاگ گیا، دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، واقعہ تھانہ تجوڑی کی حدود میں کٹو خیل اڈا کے قریب پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ دونوں حملہ آور ایک سڑک کے کنارے کھڑے تھے، پولیس کی گاڑی نزدیک آنے پر ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرا حملہ آور فرار ہو گیا۔پولیس کی گاڑی پر خودکش حملے کے بعد پولیس پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر فوری کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، سرائے نورنگ کے علاقے میں ایک شدت پسند سے سامنا ہوا جسے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کے دشمن دہشتگردوں کے مکمل سدباب کے لیے حکومت پر عزم ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبائی حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔