بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار اور مصنف جاوید اختر نے حال ہی میں اپنی شادی اور اہلیہ شبانہ اعظمی کے ساتھ تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی رشتہ کی بنیاد باہمی عزت اور احترام پر ہوتی ہے اور شادی کے تصور کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک صدیوں پرانی روایت ہے جو وقت کے ساتھ ’کچرا‘ جمع کر چکی ہے۔جاوید اختر کے مطابق ان کا اور شبانہ کا رشتہ دوستی پر مبنی ہے، اور وہ دونوں بمشکل شادی شدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم دوست ہیں، شادی فضول کام ہے" اور یہ صرف ایک پرانی روایت ہے جسے وقت نے غیر ضروری اہمیت دے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوہر اور بیوی جیسے الفاظ وقت کے ساتھ ایک بوجھ بن گئے ہیں۔ کامیاب رشتہ شادی جیسے لیبل سے نہیں بلکہ باہمی عزت و احترام اور ایک دوسرے کو سمجھنے سے ممکن ہوتا ہے۔ جاوید اختر کے مطابق، ایک رشتہ میں دو افراد کو ایک دوسرے کے اسپیس اور آزادی کا احترام کرنا چاہیے، اور اگر محبت میں عزت نہ ہو تو وہ دھوکہ ہے۔یاد رہے کہ جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی شادی 1984 میں ہوئی تھی، اور اس وقت ان کی شادی کو 40 سال ہو چکے ہیں۔ جاوید اختر نے کہا کہ ان کی خوشحال زندگی کی بنیاد ان دونوں کے درمیان موجود دوستی ہے۔