وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے سال نو کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال رشتہ ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات ترقی کے سفر میں اہم شراکت داری کا درجہ رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں چین کے صدر شی جن پنگ، چینی عوام اور پاکستان میں موجود چینی دوستوں کو نئے سال کی دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 6 دہائیوں میں چین کا ترقی کا سفر چینی صدر کی حکمت اور دور اندیشی کا مظہر ہے اور اس نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے ایک کامیابی کی کہانی بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اب ایک مضبوط تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، اور یہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔ وزیراعظم نے چین کے سال نو کو تجدید، تبدیلی اور نئے آغاز کا وعدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع روایتی طور پر خاندانوں اور دوستوں کے درمیان ملاقاتوں، تحائف کے تبادلے اور نئے سال کے لیے خوشی کی دعا کا وقت ہوتا ہے۔شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سال پاکستان اور چین کے لیے خوش نصیبی اور کامیابیاں لے کر آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اٹوٹ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔