ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دوسرے روز بھی متاثر

ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دوسرے روز بھی متاثر

ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز دوسرے دن بھی متاثر ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔

 واٹس ایپ جیسے ایپس پر آڈیو اور ویڈیو بھیجنے میں شدید پریشانی پیدا ہو رہی ہے، جبکہ فری لانسرز اور آن لائن ٹیکسی سروسز کے کام میں بھی خلل آ رہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں موبائل ڈیٹا سروس متاثر ہے، اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی رات سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، اور یہ صورتحال اب تک جاری ہے۔ پشاور سمیت کچھ دوسرے شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہو رہی ہے، جس سے لوگوں کو روزمرہ کی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ہفتے کے روز وزارت داخلہ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا تھا کہ صرف سکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز کی بندش کا تعین کیا جائے گا۔ دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز جاری رہیں گی، تاہم سکیورٹی کی صورتحال کے مطابق ان خدمات میں مزید رد و بدل کی توقع کی جا سکتی ہے۔اس بندش کا اثر کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ کی زندگی پر پڑ رہا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو فری لانسنگ اور آن لائن کام کرتے ہیں، انہیں اس میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔