پیسے مانگنے پر پولیس اہلکاروں کابرگر شاپ کے مالک وبیٹے پرتشدد

اہلکاروں نے برگر کھائے اور پیک کروائے، پیسے مانگے تو دکان سے گھسیٹ کرباہرلے گئے اورمارا پیٹا
لاہور(کرائم رپورٹر)پیسے مانگے پر تھانہ گڑھی شاہو کے پولیس اہلکاروں کا برگر شاپ کے مالک اور اس کے بیٹے پر تشدد کا واقعہ، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس پی کو تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ تفصیلات کے مطابق  دکاندار اعجاز کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات ساڑھے 8 بجے پولیس اہلکار برگر کھانے کیلئے ان کی دکان پر آئے۔ اہلکاروں نے برگر کھائے اور پیک کروائے تاہم جب اس نے پیسے مانگے تو اہلکاروں نے اسے دھمکیاں دینی شروع کر دیں اور اسے اور اس کے بیٹے کو دکان سے باہر گھیسٹتے ہوئے نکال کرتشدد کیا اس دوران اس نے 15 پر کال کی مگر کوئی مدد نہ ملی۔ متاثرہ دکانداراعجاز کے مطابق ایک اہلکار سادہ کپڑوں میں تھا جبکہ دوسرے نے وردی پر سادہ شرٹ پہن رکھی تھی۔ اہلکاروں نے کہا کہ "لاک ڈاؤن میں ڈائننگ کیسے چلا رہے ہو؟"۔ اور دھمکی دی کہ ابھی پرچہ دے دیں گے۔ دوسری جانب گڑھی شاہو میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ طور پر مفت برگر کھانے کی خبر سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس پی کو تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا کہ خبر میں مبینہ طور پر 15 کال کے رسپانس نہ آنے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولیس اہلکاروں کا اختیارات سے تجاوز ثابت ہوا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔