غزہ(آئی این پی)فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جنگی جرائم میں ملوث دیگراسرائیلی رہنمائوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے غزہ جنگ کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یواو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔حماس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا دائرہ صرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یواو گیلنٹ تک محدود نہ رکھے بل کہ اسے اسرائیل کے مزید لیڈروں تک پھیلائے تاکہ فلسطینی سرزمین پر ناجائز قابض اور جنگی جرائم میں ملوث سبھی اسرائیلی لیڈروں کا عدالتی احتساب ہو سکے۔