ویب ڈیسک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جس کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط اور اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ایرانی صدر اپنے دورے کا آغاز لاہور سے کریں گے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ ان کا استقبال کریں گے۔ صدر مسعود پزشکیان مزارِ اقبال پر حاضری دیں گے جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور صدر یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے اور اسرائیلی جارحیت کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ بھی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 26 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا۔اسلام آباد میں ایرانی صدر کی ملاقات صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ہوگی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات متوقع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس دورے میں تمام باہمی دلچسپی کے امور پر خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال ہوگا۔ ایران پاکستان کا قریبی اور برادر ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی تلاش میں اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ سیستان بلوچستان کے حکام بھی آئیں گے تاکہ سرحدی تجارت کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک نے فری ٹریڈ زون بنانے پر اتفاق کیا ہے اور فری ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔