پولیس نے سکھ یاتری خاتون کا پرس چند گھنٹوں میں ڈھونڈ نکالا

لاہور(کرائم رپورٹر)فرائض کی ادائیگی و مہمان نوازی کرنے میں لاہور پولیس نے ایک اور مثال قائم کر دی۔ سالانہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے لاہور آنے والی سکھ یاتری پرم جیت کور کا گم ہونے والاپرس چند گھنٹوں میں ڈھونڈ نکالا۔ تفصیلات کے مطابق مہمان سکھ یاتری پرم جیت کورجب گوردوارہ ڈیرہ صاحب پہنچی تو ہینڈ بیگ اْن کے پاس موجودنہ تھا۔ ہینڈ بیگ میں اْن کا پاسپورٹ، قیمتی موبائل فون،اے ٹی ایم کارڈز،نقدی ودیگر دستاویزات موجود تھیں۔پرم جیت کور نے پرس گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی۔ ایس ایچ او ٹبی سٹی سب انسپکٹر حسنین رضا نے خاتون سکھ یاتری کی درخواست پر فوری ورکنگ شروع کر دی۔ انہوں نے رکشہ کو ٹریس کرنے کیلئے ہیومن انٹیلی جنس اور سیف سٹی کیمروں کی مدد لیتے ہوئے چند گھنٹوں میں رکشہ ڈرائیور کو ٹریس کر لیا۔ ایس ایچ او ٹبی سٹی نے پرم جیت کور کو قیمتی پرس خوداْن کے حوالے کر دیا۔ مہمان سکھ یاتری پرم جیت کور نے انتھک محنت کرنے پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ پرم جیت کورکا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاہور پولیس نے میرے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ لاہور پولیس نے جس پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا شاید ہماری پولیس نہ کرپاتی۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں اْن کی جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ لاہور پولیس مہمان سکھ یاتریوں کی حفاظت و مہمان نوازی کرتی آئی ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی۔