پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق،جسے کوئی نہیں چھین سکتا،ثمیرہ الہٰی،کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت
گجرات (پبلک نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب،تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کی ہدایت پر گجرات میںگذشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی فائنل کال پر پرامن احتجاج کیاگیا ۔احتجاج کی قیادت سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے کی۔اس موقع پر قیصرہ الٰہی اورثمیرہ الہٰی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور پاکستان کے عوام نے عمران خان کی کال پر باہر نکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔عمران خان کی آزادی تک ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے جسے کوئی بھی ہم سے نہیں چھین سکتا،ہمارے پرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا،پر امن احتجاج کو روکنا اور عوام پر ظلم کرنا کس آئین میں لکھا ہے،پنجاب حکومت کی ایماء پر ہمارے کارکنوں کو بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا جا رہا ہے،ہم اپنے کارکنوں پر بد ترین تشدداورگرفتاریوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے چودھری تنویر گوندل، چودھری جاوید ماجرہ، توصیف شاہ، چودھری اعجاز چک بھولا سمیت تمام کارکنوں کی گرفتاری کی بھر پور مذمت کی ۔قیصرہ الٰہی نے کہا کہ ہمارے قریبی ساتھیوں اور کارکنوں کو گرفتارکرنے سے ہمارے ارادے انشاء اللہ کمزور نہیں ہوں گے، گجرات میں کارکن روز نکلیں گے، یہ کتنے لوگوں کو گرفتارکر سکتے ہیں۔