عوامی مینڈیٹ تسلیم کیے بغیر ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا، قید پی ٹی آئی رہنما

لاہور(خصوصی رپورٹ )کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت نے آئین اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا، عدلیہ کو تباہ کیا ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی مفاہمت، آئین کے احترام اور عوامی مینڈیٹ تسلیم کرنا ہو گا۔کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ ، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری نے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بیان جاری کیا۔پی ٹی آئی رہنمائوں نے بیان میں کہا کہ پاکستان کا سیاسی منظرنامہ افسوسناک صورتحال اختیار کر چکا ہے، موجودہ حکومت منظم انداز میں آئین پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔رہنمائوں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کو تباہ کر دیا، پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا کی آواز دبائی جا رہی ہے اور مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، بیان میں پنجاب میں سی سی ڈی کے مقابلوں میں تین ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا دعوی بھی کیا گیا۔پی ٹی آئی رہنمائو ں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے، رہنماں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات شروع کرے، آئین کا احترام، قانون کی بالادستی اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جائے۔