لاہور (خصوصی رپورٹ)الیکشن ٹربیونل نے پی پی 32 اور این اے64میں الیکشن درست قرار دیدئیے۔ سابق وزیر اعلی ٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی الیکشن کے خلاف درخواستیں مسترد کر دیں۔جسٹس (ر)محمود مقبول باجوہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔پرویز الٰہی نے پی پی 32 گجرات سے موسیٰ الٰہی کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا ، قیصرہ الٰہی نے حلقہ این 64 سے سالک حسین کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔درخواست میں الیکشن کمیشن اور کامیاب امیدوار چودھری سالک حسین سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیاکہ الیکشن کمیشن نے سالک حسین اور موسیٰ الٰہی کی کامیابی کے غلط نوٹیفکیشن جاری کئے۔ وکیل نے نکتہ اٹھایاکہ فارم 45 کے تحت کامیاب قرار دئیے گئے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فارم 47 میں سالک حسین کو کامیاب قرار دیا۔ ٹربیونل الیکشن کمیشن کا کامیابی کا جاری نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے ۔دوران سماعت دونوں کا میاب امیدواروں کے وکلا نے تمام الزامات کو مسترد کیا جس کے بعد ٹربیونل نے فیصلہ سناتے ہوئے پی پی 32 اور حلقہ این اے64میں الیکشن درست قرار دیدئیے اور درخواستیں خارج کردیں۔