کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی عدالت سے واپسی پر فائرنگ سے قتل

کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی عدالت سے واپسی پر فائرنگ سے قتل

کراچی کے  علاقے ملیر میں پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو عدالت سے واپسی پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ملیر ہالٹ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ گولیاں انتہائی قریب سے چلائی گئیں جس کے باعث دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مرد اور خاتون میاں بیوی تھے جنہوں نے پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں نے آج ہی عدالت میں پیش ہو کر اپنے نکاح کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا تھا۔مزید بتایا گیا کہ خاتون کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اہل خانہ کی مدعیت میں سچل تھانے میں پہلے سے درج تھا۔ تاہم آج عدالت میں سماعت کے دوران نکاح نامہ پیش کرنے اور دلائل سننے کے بعد عدالت نے شوہر کے خلاف اغوا کا مقدمہ خارج کرتے ہوئے اسے باعزت بری کر دیا تھا۔پولیس کے مطابق عدالتی کارروائی کے بعد دونوں میاں بیوی واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ملیر کے علاقے میں گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موقع پر دم توڑ گئے۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ مقتولہ کی شناخت نادیہ کے نام سے ہوئی ہے۔