بجلی کے بلز پر QR کوڈ کے ذریعے سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ سامنے آ گیا

بجلی کے بلز پر QR کوڈ کے ذریعے سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ سامنے آ گیا

حکومت نے بجلی کے بلوں میں اصل مستحق صارفین تک سبسڈی کی فراہمی کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو بل پر موجود QR کوڈ اسکین کر کے ریلیف حاصل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بلوں پر QR کوڈ پرنٹ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد سبسڈی کے نظام میں شفافیت لانا اور غیر مستحق افراد کی جانب سے فائدہ اٹھانے کی روک تھام کرنا ہے۔حکام کے مطابق یہ اقدام وفاقی حکومت کے “کراس سبسڈی پروگرام 2026” کو مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ سبسڈی صرف کم آمدن اور حقیقی مستحق خاندانوں تک پہنچ سکے۔پاور ڈویژن کے مطابق اس نظام سے ایک ہی گھر میں متعدد میٹروں کے ذریعے سبسڈی لینے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ یہ سہولت بنیادی طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت صارفین کو اپنے بل پر موجود QR کوڈ اسکین کر کے ایک آفیشل پورٹل پر جانا ہوگا، جہاں 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ درج کرنے کے بعد OTP کے ذریعے تصدیق مکمل کی جائے گی۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ جن افراد کے پاس اسمارٹ فون یا ڈیجیٹل سہولت موجود نہیں، ان کے لیے ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ڈیسک اور ہیلپ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ صارفین اپنی معلومات براہ راست آن لائن پورٹل پر درج کر کے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کی شناختی تفصیلات بل کے ساتھ مطابقت رکھتی ہوں۔