وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بس اڈوں کی سخت چیکنگ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو حکم دیا ہے کہ اوورچارجنگ کی روک تھام کے لیے ہر بس اور بس اسٹینڈ پر کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں سے اضافی کرایہ وصول نہ کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ اوورچارجنگ میں ملوث گاڑیوں کے روٹ پرمٹ جبکہ متعلقہ بس اسٹینڈز کے اجازت نامے بھی منسوخ کیے جائیں۔ اسی طرح عید کے دوران فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔مریم نواز شریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مسافروں کی اوورلوڈنگ کو ہر صورت روکا جائے اور شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے بس اسٹینڈز پر مسافروں کے لیے پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے عید کے دنوں میں شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1071 بھی قائم کر دی ہے، جس پر شہری اوورچارجنگ یا دیگر مسائل کی اطلاع دے سکتے ہیں۔