مناسک حج کا آج آغاز ، منیٰ روانگی، کل رکن اعظم وقوف عرفات

عرفات میں ظہر و عصر کی نمازیں ادا، غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ روانہ ہونگے 
عازمین کی حفاظت کیلئے مکہ میں میزائل سسٹم، ریڈار نصب ، فضائی نگرانی جاری 
 اسلام آباد،مکہ مکر مہ ( خصوصی رپورٹ )پاکستان سے471 پروازوں کے ذریعے حج آپریشن مکمل ہوگیا ، مناسک حج کا آغاز آج 8 ذی الحجہ سے آغاز ہوگا ،عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن 7ذی الحج اتوار کو نماز مغرب کے بعد شروع ہوا، یہ عمل آج دن 10 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔ ہر 188 حجاج کے گروپ کیلئے ایک نگران 'ناظم' مقرر کر دیا گیا،نا ظم عازمینِ حج کے گروپ کے ساتھ رہیں گے،منیٰ کے خیموں میں 3 وقت کھانا ملے گا،کل منگل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہوگا، 9 ذوالحجہ کو ظہر سے پہلے تمام عازمین کو بسوں، مشاعر ٹرین سے میدانِ عرفات پہنچایا جائے گا۔ 9 ذو الحجہ کو حجاج کرام خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کریں گے اور سورج غروب ہونے تک دعائو ں، تسبیحات اور مناجات میں مشغول رہیں گے اور غروب آفتاب کے فوراً بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے اور مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور رمی کیلئے 70 کنکریاں چنیں گے۔ 10 ذوالحجہ کی صبح وقوف مزدلفہ کے بعد حجاج کرام بڑے شیطان کی رمی (کنکر ماریں گے ) ،قربانی کے بعد حجاج کرام حلق یا قصر کرتے ہی احرام کھول دیں گے۔ 10 تا 12 ذو الحجہ کے درمیان کسی بھی وقت حج کا تیسرا فرض طواف زیارت اور واجب سعی کریں گے، 11 اور 12 ذو الحجہ کو منیٰ میں تینوں شیطانوں کی رمی کریں گے اور اپنی رہائش گاہ پر واپس جائیں گے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے حج سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات مکمل کرتے ہوئے عازمینِ حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال کر دیا ہے، مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام کے اطراف جدید اینٹی ایئرکرافٹ گنز، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹمز اور ریڈار نظام نصب کر د ئیے گئے ،سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق ایامِ حج کے دوران زمینی نگرانی کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی بھی مسلسل جاری رہے گی۔