حکومت مذاکرات کے نام پر اپوزیشن کو بے وقوف بنانا چاہتی تھی:شاہد علی خان

 جوڈیشل کمیشن بن گیا توتمام حقائق منظر عام پر آجائیںگے، پی ٹی آئی رہنما کی میڈیاسے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی) پی ٹی آئی رہنما ممبر قومی اسمبلی شاہد علی خان نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے نام پر اپوزیشن کو بے وقوف بنانا چاہتی تھی ۔نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومت فارم 47کی پیداوار ہے۔جوڈیشل کمیشن بن گیا توتمام حقائق منظر عام پر آجائیں گے۔وہ جمعہ کوپارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو پیکا ایکٹ پاس کیا ہے اس پر ہم صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نو مئی اور 26نومبر کے حوالے سے حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ جوڈیشل کمیشن بناتی۔عمران خان کہہ رہا ہے کہ یہ ایک ڈھونگ حکومت ہے اور اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ایک بڑی احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے جس کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب اگر دوبارہ 26 نومبر جیسے کرنے کی کوشش کی تو پھر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی امریکا سے یہ نہیں کہا کہ وہ اس کی رہائی کے لیے کوئی کردار ادا کرے۔