ایئرپورٹس پر روانگی سے قبل ہی مسافروں کی سفری دستاویزات کی تصدیقی عمل کا آغاز

 مسافروں کو نامکمل دستاویزات، ویزا یا امیگریشن سوالات پر عدم اطمینان کے باعث آف لوڈ کیا جاتا ہے
 ٹکٹیں ضائع ہونے سمیت کروڑوں کا مالی نقصان ،پروٹیکٹر اور امیگریشن کا عملہ متحرک:ایف آئی اے 
لاہور(آئی این پی ) بیرون ممالک جانے والے مسافروں کو مالی نقصان اور آف لوڈنگ سے بچانے کیلء روانگی سے قبل سفری دستاویزات کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر ایف آئی اے پاسپورٹ، پروٹیکٹر اور امیگریشن کا عملہ متحرک ہوگیا ہے۔ ایئرپورٹس پر روزانہ سینکڑوں مسافروں کو نامکمل دستاویزات، ویزا یا امیگریشن سوالات پر عدم اطمینان کے باعث آف لوڈ کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں مسافروں کی ٹکٹیں ضائع ہونے سمیت کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوتا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر اوورسیز ایمپلائمنٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر اب روانگی سے قبل ہی سفری دستاویزات اور ویزا کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ مسافر ایئرپورٹ پر پہنچنے سے پہلے ہی کلیئر ہو سکیں۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کم عمر افراد کے عمرے کے سفر کے دوران بعض افراد کے بھیک مانگنے یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں جبکہ کچھ مسافر زیارت یا سیاحت کی آڑ میں غیر قانونی طور پر دیگر ممالک منتقل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔حکام کے مطابق متعدد افراد ایسے بھی سامنے آئے ہیں جو آذربائیجان، بحرین اور دیگر ممالک جا کر یا تو غائب ہوگئے یا غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں پکڑے گئے اور ڈی پورٹ کیے گئے، جس کے بعد یہ اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور مسافروں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔