مناسک حج کا آغاز: منیٰ میں لاکھوں عازمین کی آمد، لبیک کی صداؤں سے روح پرور مناظر

مناسک حج کا آغاز: منیٰ میں لاکھوں عازمین کی آمد، لبیک کی صداؤں سے روح پرور مناظر

دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج نے مناسک حج کا آغاز کرتے ہوئے منیٰ کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے، جہاں روح پرور ماحول میں عبادات اور لبیک اللہم لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا جبکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تمام عازمین منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد 9 ذی الحج کو حج کے سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے عازمین عرفات روانہ ہوں گے۔دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور اطراف میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کی شرح تقریباً 40 فیصد رہنے اور بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سعودی حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی استعمال کریں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ مکرمہ پہنچی ہے۔ادھر مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سایہ دار مقامات، کولنگ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ شامل ہے تاکہ عبادات کے دوران زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔