لاہور(کرائم رپورٹر)عید الفطر کے موقع پر ڈولفن سکواڈ نے شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق عید کے تین روز کے دوران مختلف جرائم میں ملوث مجموعی طور پر 28 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ون ویلنگ کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 14 افراد کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ون ویلنگ کی گئی، وہیں فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈولفن سکواڈ نے چوری، ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 5 ملزمان کو بھی حراست میں لیا۔ اس کے علاوہ شارع عام پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیاکارروائیوں کے دوران 2 اشتہاری ملزمان، ایک عدالتی مفرور اور 3 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ عید کے دن پتنگ بازی کرنے والے 4 افراد کو بھی دھر لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور برآمد کر لی گئی۔ڈولفن سکواڈ نے دوران پٹرولنگ 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیں۔ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی اور ڈولفن سکواڈ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحرک رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں، مساجد، پارکوں اور عید نماز کے اجتماعات پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈولفن سکواڈ صوبائی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن فورس کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔