ڈولفن سکواڈ نے 5 ملزم دھر لئے

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق کینال روڈ پر پولیس ریسپانس یونٹ نے اسلحہ کی نمائش کرنے والی گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔ پی آر یو ٹیم نے تعاقب کے بعد ای ایم ای سوسائٹی کے قریب انہیں گرفتار کرلیا۔ گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ملزمان سے 4 پستول، ایک جدید آٹومیٹک رائفل، درجنوں گولیاں اور میگزینز برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں فردوس، وسیم، منیب، علی اور محب اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کو اسلحہ اور گاڑیوں سمیت تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ریاستی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔