ملزم احمد نے معمولی جھگڑے پر شہری طاہر کو چھری وار سے زخمی کردیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) لوئر مال پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے ایک ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم احمد نے معمولی جھگڑے پر شہری طاہر کو چھری کے پے در پے وار کر کے زخمی کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔اطلاع ملنے پر لوئر مال پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ایس ایچ او لوئر مال نبیل محسن کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو آلہ واردات سمیت چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کی شہر سے فرار ہونے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔