توانائی بحران: مارکیٹیں جلد بند کرنے کی تجویز

تعلیمی ادارو ں کی چھٹیوں میں توسیع‘ ورک فرام ہوم ‘غیر ضروری تقریبات پر پابندی لگائے جانے کا امکان 
لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ توانائی پنجاب نے بڑھتے ہوئے توانائی بحران کے پیش نظر صوبائی حکومت کو اہم سفارشات پیش کی ہیں، جن میں ایندھن کی راشنگ سے لے کر تعلیمی اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندیوں تک متعدد سخت اقدامات شامل ہیں۔رپورٹ میں 15 اپریل تک اسکولوں اور کالجوں میں تعطیلات دینے اور ہائبرڈ نظام تعلیم اپنانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔ نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی کو لازمی قرار دینے اور غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔توانائی کی بچت کے لیے شہری سطح پر اقدامات میں میٹرو اور بس سروسز میں اضافہ، ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنا، اور رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر منتقل کرنا شامل ہیں۔ مزید برآں، مارکیٹوں کے اوقات کار کو محدود کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ بجلی اور ایندھن کی کھپت میں کمی لائی جا سکے۔