لاہور پولیس کی کارروائیاں، رواں سال 4137 اشتہاری مجرمان گرفتار

لاہور پولیس کی کارروائیاں، رواں سال 4137 اشتہاری مجرمان گرفتار

لاہور پولیس نے اشتہاری، عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف جاری مہم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

 ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 4137 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔پولیس کارروائیوں کے دوران 2380 عدالتی مفروران اور 936 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔سربراہ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے کو مزید تیز کیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں پولیس کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان گرفتاریوں سے زیر التواء مقدمات کو بروقت نمٹانے میں مدد ملے گی، جبکہ مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی لاہور پولیس کا اولین مشن ہے اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔