کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والی سیرین ایئر کی پرواز ای آر 500 تکنیکی وجوہات کے باعث روانہ نہ ہوسکی، جس پر مسافروں اور گراؤنڈ اسٹاف کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سیرین ایئر کی پرواز صبح 7 بجے روانہ ہونا تھی، تاہم پرواز میں تین مرتبہ تاخیر کا اعلان کیا گیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں تاخیر کی کوئی واضح اور مستند وجہ نہیں بتائی جا رہی تھی، اور وہ صبح 4 بجے سے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔
لاؤنج میں بد نظمی، مسافروں کا عملے سے احتجاج
مسافر طویل انتظار کے بعد طیش میں آ گئے، جس کے بعد لاؤنج میں گراؤنڈ اسٹاف سے تلخ کلامی ہوئی۔ کئی مسافروں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کیں جن میں عملے سے سخت جملوں کا تبادلہ دیکھا جا سکتا ہے۔ مسافروں نے ایئرلائن پر غیرذمہ داری اور ناقص انتظامات کا الزام لگایا۔
سیرین ایئر کی وضاحت
سیرین ایئر کے ترجمان کے مطابق پرواز کی تاخیر کی اصل وجہ جہاز کے ہائیڈرولک سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی فنی خرابی تھی، جسے انجینئرنگ ٹیم نے فوری طور پر دور کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق اب یہ پرواز دوپہر 1:30 بجے (ڈیڑھ بجے) کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوگی۔
مسافروں کا مطالبہ
مسافروں نے ایئرلائن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹائم ٹیبل اور فنی معاملات میں بہتری لائی جائے تاکہ مسافروں کو ایسی تکالیف سے بچایا جا سکے۔ کئی افراد نے متبادل پروازوں یا مکمل ریفنڈ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔