پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد خطے میں امن اور استحکام قائم رکھنا ہے: اسحاق ڈار

 نائب وزیراعظم  کی ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو،  متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آن لائن)  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ایک اہم ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  اس گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد خطے میں امن اور استحکام قائم رکھنا ہے، اور اس کے لیے ایران جیسے اہم ہمسایہ ملک کے ساتھ قریبی تعاون اور رابطے کی ضرورت ہے۔ دونوں فریقین نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر قریب سے نظر رکھنے اور مستقبل میں مزید رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔دریں اثناء اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و استحکام کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم نے فوری تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی موجودہ حالات میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے متحدہ عرب امارات میں تین پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے جاری رہیں گے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔