190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست عید کے بعد سماعت کیلئے ملتوی

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست عید کے بعد سماعت کیلئے ملتوی

راولپنڈی:اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کی سماعت عمران خان کے وکیل کی عدم حاضری کی وجہ سے عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ اس دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر راستے میں ہیں اور لیڈ کونسل ابھی سپریم کورٹ سے آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے سماعت کے لیے مزید وقت درکار ہے۔اس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس کی سماعت عید کے بعد رکھی جائے گی۔ وکیل نے اس موقع پر مزید استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلہ ہونے تک مؤخر کیا جائے۔

اسی دوران، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا حکم دیا تھا، اور گزشتہ روز انہوں نے جیل حکام کو ملاقات کرنے والوں کی فہرست فراہم کی تھی، لیکن جیل حکام نے اس کو وصول نہیں کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ عدالت آج ہی تحریری آرڈر جاری کرے تاکہ ملاقاتوں میں مزید رکاوٹ نہ ہو۔

قائم مقام چیف جسٹس نے اس پر جواب دیا کہ ہمارے بینچ کے ایک ممبر نے آرڈر تیار کر لیا ہے، جیسے ہی ان کے پاس آ جائے گا، وہ دستخط کر دیں گے۔اس فیصلے کے بعد، کیس کی مزید کارروائی عید کے بعد ہو گی۔